بھارت کے معروف صنعت کار رتن ٹاٹا کے سوتیلے بھائی نویل ٹاٹا کو ٹاٹا ٹرسٹ کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رتن ٹاٹا کے سوتیلے بھائی نویل ٹاٹا کو آج ممبئی میں منعقدہ بورڈ میٹنگ کے بعد ٹاٹا ٹرسٹ کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 روز قبل 86 برس کی عمر میں گزر جانے والے صنعت کار رتن ٹاٹا کی جگہ ان کے سوتیلے بھائی نویل نے لے لی ہے۔
نیول ٹاٹا اور سیمون ٹاٹا کے اکلوتے بیٹے نویل ٹاٹا اس وقت ٹرینٹ، وولٹاس، ٹاٹا انویسٹمنٹ کارپوریشن اور ٹاٹا انٹرنیشنل کے چیئرمین ہیں، اس کے ساتھ ہی وہ ٹاٹا اسٹیل اور ٹائٹن کے وائس چیئرمین بھی ہیں۔
نویل ٹاٹا 2000ء کی دہائی میں رتن ٹاٹا ٹرسٹ میں بطور بورڈ ممبر شامل ہوئے، جس کی وجہ سے انہیں ٹاٹا ٹرسٹ کے چیئرمین کے لیے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا۔
انہیں آج سر رتن ٹاٹا ٹرسٹ اور دورابجی ٹاٹا ٹرسٹ کی میٹنگ کے بعد ٹاٹا ٹرسٹ کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔
ٹاٹا ٹرسٹ کا چیئرمین بننے کے بعد وہ ٹاٹا سنز کا کنٹرول بھی سنبھال لیں گے۔