راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے سیل کی بجلی معطلی اور سہولیات واپسی سے متعلق باتوں کو بے بنیاد قرار دے دیا گیا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل کی بجلی معطلی اور سہولیات واپسی سے متعلق باتیں بےبنیاد ہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل مینول کے تحت تمام سہولیات دستیاب ہیں، بانی پی ٹی آئی کا معمول کا طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کو پڑھنے کیلئے دو انگریزی روزنامے روزانہ دیے جاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل کی بجلی ہر وقت بحال رہتی ہے، انہیں کھانے کیلئے علیحدہ کچن دستیاب ہے، دو مشقتی بانی پی ٹی آئی کو شفٹوں میں دستیاب ہوتے ہیں۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 18 اکتوبر تک جیل میں ہر قسم کی ملاقاتوں پر پابندی ہے، سیکیورٹی خدشات کے باعث جیل کی سیکیورٹی سخت کی گئی ہے۔