بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیر اور نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما بابا صدیق پر فائرنگ کے بعد بالی ووڈ اداکار سلمان خان بھی اسپتال پہنچنے والوں میں شامل تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بابا صدیق پر گزشتہ رات تقریباً 9:30 بجے 2 سے 3 گولیاں چلائی گئی تھیں، انہیں تشویشناک حالت میں لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بابا صدیق پر فائرنگ کی خبر سامنے آنے کے بعد کئی بالی ووڈ شخصیات اسپتال پہنچی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کی رات اداکارہ شلپا شیٹی، اداکار سلمان خان، سنجے دت اور ظہیر اقبال مقتول کے اہلخانہ سے ملاقات کرنے اسپتال پہنچے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس موقع پر اسپتال کے احاطے میں اداکارہ شلپا شیٹی کو روتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
علاوہ ازیں اداکار رتیش دیشمک نے بابا صدیق کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بابا صدیق بالی ووڈ اسٹارز سمیت اہم شخصیات کیلئے افطار پارٹیز کے حوالے سے بھی مقبول تھے۔ افطار پارٹی میں کنگ شاہ رُخ خان، سلمان خان اور دیگر فنکار باقاعدگی سے شرکت کرتے تھے۔