• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) جس کے اہم مقاصد خطے میں سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی تعاون کو فروغ دینا ہے، اس کے سربراہی اجلاس کی میزبانی پاکستان کے حصے میں آئی ہے جو بڑے اعزاز کی بات ہے۔ پاکستان نے اس سمٹ کانفرنس کو ایک بڑی معاشی پیش رفت کے لئےعملی صورت دینےکی تیاری کر رکھی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت اور وفود کے سربراہوں سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ معیشت، تجارت ، سماجی و ثقافتی تعلقات اورماحولیات کے شعبوں میں تعاون کے امور زیر بحث آئیں گے۔ یہ اجلاس 15اور 16اکتوبر کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہورہا ہے۔ جس کی تزئین و آرائش عالمی معیار کے مطابق کی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خود تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا ۔ جناح کنونشن سنٹر 1997ء میں او آئی سی سربراہ کانفرنس کے انعقاد کیلئے تعمیر کیا گیا تھا ۔ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لئے سیکورٹی، ٹریفک انتظامات اور تزئین و آرائش کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ ایس سی او رکن ممالک کے پرچم اور خیر مقدمی نعرے آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ مہمانوں کو پھول پیش کرنے کیلئے 50بچوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ 3500سے زیادہ افسران اور اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دیں گے۔ مہمانوں کی آمد آج سے شروع ہورہی ہے۔ اجلاس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان ، کرغستان، تاجکستان ، ازبکستان کے وزرائے اعظم، ایران کے اول نائب صدر اور بھارت کے وزیرخارجہ شریک ہوں گے۔مبصر ملک منگولیا کے وزیراعظم اور ترکمانستان کے وزراء کی کابینہ کے چیئرمین شرکت کریں گے۔ 2015ء کے بعد کسی بھی بھارتی وزیر خارجہ کی پہلی بار پاکستان آمد ہوئی۔ قبل ازیں بھارت وزیرخارجہ سشماسوراج نے افغانستان کے حوالے سے اسلام آباد میں ہونے والی ہارٹ ایشیا کانفرنس میں شرکت کی تھی۔

تازہ ترین