لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کا نشانہ بننے والی گولانی بریگیڈ اسرائیلی فوج کے پانچ باقاعدہ انفنٹری بریگیڈز میں سے ایک ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ کی جانب سے اسرائیل کے شہر حیفا میں ڈرون حملے کیے گئے جس میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 67 زخمی ہوگئے ہیں۔
گولانی بریگیڈ اسرائیلی فوج کے پانچ باقاعدہ انفنٹری بریگیڈز میں سے ایک ہے۔ یہ بریگیڈ انتہائی تربیت یافتہ ہے اور اس کے فوجی جنگی علاقوں میں جاتے ہیں۔ انہیں اسرائیلی فوج کے ایلیٹ یونٹس میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ انہیں لبنان کے خلاف جنگ میں اسرائیل کے شمالی محاذ پر مزید آگے تعینات کیا گیا ہے۔
یہ تربیتی فوجی اڈہ، جو حیفا کے جنوب میں واقع ہے، حزب اللّٰہ کی جانب سے نشانہ بنایا جانے والے اہم مقامات میں سے ایک تھا۔
بن یامین، جہاں حزب اللّٰہ نے ڈرون حملہ کیا ہے، تل ابیب اور حیفا کے درمیان واقع ہے اور اس کی آبادی تقریباً 16 ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ یہ لبنان کی سرحد سے تقریباً 70 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق شمالی اسرائیل میں بن یامین کے علاقے میں دھماکے ہوئے جس میں کم ازکم 67 افراد زخمی ہوئے۔
دھماکے مقام پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس میں ایمبولینسز کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر بھی پہنچے جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں 5 کی حالت تشویشناک ہے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔