امریکی صدارتی انتخابات کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی کیلیفورنیا میں انتخابی ریلی کے قریب غیر قانونی ہتھیاروں کے ساتھ گرفتار ہونے والے شخص کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی سیکریٹ سروس، ایف بی آئی اور محکمۂ انصاف نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کے روز کیلیفورنیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے قریب ایک شخص کو غیر قانونی ہتھیاروں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر تیسری بار حملے کے شبے میں گرفتار ہونے والا شخص ضمانت پر رہا ہو گیا ہے, جس کے بعد حکام کا کہنا ہے کہ اب ٹرمپ کسی خطرے میں نہیں ہیں۔
امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 49 سالہ ویم ملر نامی شخص کے پاس سے غیر قانونی شاٹ گن، لوڈڈ ہینڈگن اور ہائی کیپیسٹی میگزین برآمد ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق ملر ریلی کے ابتدائی حفاظتی حصار تک پہنچنے میں کامیاب ہوا، لیکن اسے ریلی سے پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا اور بعد میں 5 ہزار ڈالرز کی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے مشتبہ شخص ویم ملر نے خود کو 100 فیصد ٹرمپ کا حامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا ٹرمپ کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ملر کا مقصد ٹرمپ کو نقصان پہنچانا تھا۔