بحیرۂ عرب میں موجود ڈپریشن مغرب اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، ڈپریشن کراچی اور اورماڑہ سے 1010 جبکہ گوادر سے 1000 کلو میٹر دور ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ڈپریشن عمان کے ساحل سے 740 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، سسٹم مغرب اور شمال مغرب میں عمان کے ساحل کی جانب بڑھتا رہے گا۔
سسٹم کے مرکز کے گرد ہوا کی رفتار 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ 15 اکتوبر تک سمندر میں طغیانی رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ماہی گیر کل تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ سسٹم سے پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں، سندھ اور مکران کے ساحل پر آج مطلع ابر آلود اور بوندا باندی کا امکان ہے۔