بھارت اور امریکا کے درمیان 32ہزار کروڑ روپے مالیت کا فوجی معاہدہ طے پاگیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے کے تحت بھارت کی مسلح افواج کے لیے 31 پریڈیٹر ڈرون خریدے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے لیے پریڈیٹر ڈرون کی دیکھ بھال، مرمت، اوورہال کی سہولت بھی قائم کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق اس معاہدے سے بھارتی مسلح افواج کی نگرانی کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور اس کی کل مالیت بڑھ کر 34 ہزار 500 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔
بھارتی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ معاہدوں پر بھارت امریکا کے سینیئر حکام کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب ایک ماہ قبل ہونے والی چار ممالک کی کانفرنس کے موقع پر امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی تھی۔
اس منصوبے کی گزشتہ ہفتے کابینہ کمیٹی برائے سکیورٹی نے منظوری دی تھی جس کے تحت 15 ڈرون بھارتی بحریہ کو دیے جائیں گے جبکہ بقیہ 16 ڈرون آرمی اور فضائیہ میں برابر تقسیم ہوں گے۔
بھارت کئی سالوں سے امریکا سے اس معاہدے کے حوالے سے بات چیت کررہا تھا لیکن چند ہفتوں قبل ڈیفنس ایکویسیشن کونسل کے اجلاس میں اس کی منظوری دی گئی کیونکہ اس کی 31 اکتوبر سے قبل منظوری ملنا ضروری تھی ورنہ امریکی پرپوزل کی تاریخ گزر جاتی۔
بھارت ممکنہ طور پر ان ڈرونز کو چار مقامات شنئی، گجرات، سرساوا اور گورکھ پور میں موجود اڈوں پر رکھے گا۔