• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عطا تارڑ کا جلاؤ گھیراؤ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے جلاؤ گھیراؤ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد سے جاری ویڈیو بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انتشار آئینی ترامیم پر دھمکیاں دے رہی ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی نے انتشار پھیلایا تو ریاست اسے نشان عبرت بنادے گی، جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ان میں آپس میں اتحاد نہیں، یہ آپس میں لڑ رہے ہیں، کوئی سیاسی لیڈر ملک سے بڑا نہیں، جو دھمکیاں دی جارہی ہیں ان میں سنجیدگی نہیں۔

بانی پی ٹی آئی کا نام آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کی دوڑ سے باہر ہونے پر وزیر اطلاعات نے کہاکہ مہذب معاشروں میں قانون و آئین کی بالادستی ہوتی ہے، مقدمات میں ملوث افراد ایسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ آکسفورڈ کے چانسلر کے حوالے سے اہم خبر آئی ہے، چانسلر کے حوالے سے جو فہرست جاری ہوئی ہے اس میں بانی پی ٹی آئی شامل نہیں ہیں۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں، آنے والے دنوں میں عوام کےلیےمزید خوشخبریاں آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کے تشخص میں اضافہ ہوا، مہمانوں نے پاکستان کی شاندار میزبانی کو سراہا، شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ 27 سال بعد ایسی کانفرنس ہوئی، سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے مختلف ممالک سے بات چیت ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ، اطلاعات سمیت تمام اداروں نےایس سی او سربراہ اجلاس کےلیے اہم کردار ادا کیا، کانفرنس کے دوران اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں۔

قومی خبریں سے مزید