• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹیسٹ: دوسری اننگز میں پاکستان 221 پر آؤٹ، انگلینڈ کو 297 رنز کا ہدف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ملتان میں دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اس طرح انگلینڈ کو جیت کےلیے 297 رنز کا ہدف ملا ہے۔ 

مہمان ٹیم کو 291 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز کا آغاز بھی پاکستان کے لیے اچھا نہ رہا تھا اور قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 9 رنز پر ہی گر گئی جب عبداللّٰہ شفیق 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں کھانے کے وقفے سے پہلے پاکستان کی دوسری وکٹ 25 اور تیسری وکٹ 43 رنز پر گر گئی جہاں شان مسعود 11 اور صائم ایوب 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

تیسرے روز کے دوسرے سیشن میں پاکستان کی چوتھی وکٹ 77 رنز پر گری جب پہلی اننگز کے سنچری میکر کامران غلام 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پاکستان کی پانچویں وکٹ 114 رنز پر گری جب محمد رضوان 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں چائے کے وقفے کے بعد سعود شکیل بھی پچ پر ٹھہر نہ سکے اور پاکستان کی چھٹی وکٹ 145 رنز پر گر گئی۔ سعود شکیل 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 150 رنز پر گری جب عامر جمال ایک رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ آٹھویں وکٹ 156 رنز پر گری جب نعمان علی ایک رن بنا کر آوٹ ہوئے۔

اختتامی لمحات میں سلمان علی آغا نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 221 رنز تک پہنچایا جہاں پہلے وہ بریڈن کارز کی گیند پر آؤٹ ہوئے پھر اسی مجموعے پر 22 رنز بنانے والے ساجد خان بھی آؤٹ ہوگئے۔ 

اس سے قبل آج پہلے سیشن میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 291 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے بعد پاکستان کو 75 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

آج کھیل کا آغاز ہونے کے کچھ ہی دیر بعد انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 248 اور آٹھویں وکٹ 256 رنز پر گر گئی۔ یہ دونوں وکٹیں ساجد خان کے حصے میں آئیں۔

انگلینڈ کی نویں وکٹ 262 رنز پر گری جب جیمی اسمتھ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

مہمان ٹیم کی آخری وکٹ 291 رنز پر گری۔

پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 7 اور نعمان علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

گزشتہ روز دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک مہمان ٹیم 6 وکٹوں پر 239 رنز بنا سکی تھی اور اسے پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 127 رنز درکار تھے۔

قومی ٹیم پہلی اننگز میں 366 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

واضح رہے کہ پہلی اننگز میں پاکستان کی طرف سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کامران غلام نے سنچری بنائی تھی جبکہ صائم ایوب 77 رنز بنا کر دوسرے ٹاپ اسکورر تھے۔

خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید