ملتان میں دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان کے 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنالیے ہیں۔
مشکل وکٹ پر قومی ٹیم کے 297 ہدف کے تعاقب میں انگلش کھلاڑی مشکلات کا شکار نظر آرہے ہیں۔ گزشتہ اننگز کے سنچری میکر بین ڈکٹ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ زیک کراؤلی 3 رنز کے مہمان ٹھہرے۔
گزشتہ اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے ساجد خان نے بین ڈکٹ کو آؤٹ کیا جبکہ نعمان نے کراؤلی کو اسٹمپ آؤٹ کروایا۔
اولی پاپ 21 اور جو روٹ 12 رنز کے ساتھ چوتھے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ انگلینڈ کو جیت کےلیے مزید 261 رنز جبکہ پاکستان کو 8 وکٹیں درکار ہیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس طرح انگلینڈ کو جیت کےلیے 297 رنز کا ہدف ملا ہے۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی طرف سے سلمان علی آغا 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے جبکہ سعود شکیل نے 31، کامران غلام نے 26، محمد رضوان نے 23، صائم ایوب اور ساجد خان نے 22، 22 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کی طرف سے دوسری اننگز میں شعیب بشیر نے 4 آؤٹ کیے تھے۔ جیک لیچ نے 3، بریڈن کارز نے 2 اور میتھیو پوٹس نے ایک وکٹ لی تھی۔
قومی ٹیم پہلی اننگز میں 366 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ اس اننگز میں کامران غلام نے 118 رنز بنائے تھے جبکہ صائم ایوب 77 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔
انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 291 رنز بنا سکی تھی۔ بین ڈکٹ نے 114 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان کی طرف سے ساجد خان نے 7 وکٹیں لی تھیں نعمان علی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا تھا۔