• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا زیک گولڈاسمتھ کےخلاف 1 ٹوئٹ دکھا دیں، عطا تارڑ

عطا تارڑ : فوٹو فائل
عطا تارڑ : فوٹو فائل

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی فلسطین پر یہودیوں کے مظالم کی بات نہیں کی، یہ آرمی چیف اور ایجنسیوں پر تنقید کرتے ہیں لیکن ایک ٹوئٹ دکھا دیں زیک گولڈ اسمتھ کے خلاف، انہوں نے فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس میں بھی شرکت نہیں کی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے عطاتارڑ نے کہا کہ ان کی تمام تر کوششوں کے باوجود ایس سی او میں کوئی بدمزگی نہیں ہوئی، پی ٹی آئی نے سیاسی اختلاف کو ہمیشہ ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کرین سے گرے تو ن لیگ نے اپنی سیاسی مہم معطل کردی، بانی پی ٹی آئی کی اسپتال جا کر عیادت کی، الیکشن کے بعد بھی بنی گالہ جاکر دوستی کا ہاتھ بڑھایا، اس کو ہماری کمزوری سمجھا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف کی بیوی بستر مرگ پر تھی اور ایک کال کی اجازت نہیں تھی، یہ بتائیں دوسروں کی بہنوں، بیٹیوں کو جیلوں میں ڈالنے کی روایت کس نے ڈالی، کیا مریم نواز، فریال تالپور کسی کی بہنیں نہیں تھی، آج یہ چیخ کر مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ انہوں نے تمام حدیں پار کیں، وقت آگیا ہے کہ ریاست اپنی رٹ قائم کرے، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان سے بڑا ہے تو اسے کوئی حق نہیں کہ وہ پاکستان میں سیاست کرے۔

قومی خبریں سے مزید