لاہور ہائی کورٹ نے شیخوپورہ میں فصلوں کی باقیات کو جلانے والوں کے خلاف کارروائی کر کے اُنہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل کمیشن کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شیخوپورہ کے کافی علاقوں میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگائی گئی ہے، فصلیں جلانے والوں کے خلاف کارروائی کر کے اُنہیں گرفتار بھی کریں۔
جوڈیشل کمیشن کے ممبر نے عدالت میں اسموگ اورماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے ایک اور حل پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کو اسکول بسوں میں اسکول آنا چاہیے، اس سے ٹریفک کنٹرول ہو گا۔
جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل کمیشن کے ممبر سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے بچوں کو سخت جان بنائیں۔
جوڈیشل کمیشن کے ممبر نے عدالت کو بتایا کہ 2 انڈسٹریل یونٹس کو دھواں چھوڑنے پر مسمار کر دیا گیا ہے۔
جسٹس شاہد کریم نے تجویز دی کہ اسموگ سے متعلق سوشل میڈیا پر مہم چلائیں اور اخبارات میں اشتہارات بھی شائع کریں۔
عدالت نے ریچارج ویلز سے متعلق جمع کروائی گئی رپورٹ پر جوڈیشل کمیشن کو سراہا۔
فیصل آباد انڈسٹریل ایریا پر محکمۂ ماحولیات کی کارروائی کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔