جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور طلبہ الائنس کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، شیخ الجامعہ کی جانب سے دو مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کے بعد طلبہ الائنس نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ طلبہ الائنس نے جمعہ کو آٹھویں روز بھی مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کیا۔
وائس چانسلر خالد محمود عراقی سے کامیاب مذاکرات کے ساتھ احتجاج ختم ہوگیا۔ طلبہ الائنس کے مطابق وائس چانسلر نے طلبہ کے 14 مطالبات میں سے 11 کو تسلیم کرلیا تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق دو مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں۔
لیٹ فیس 50 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کر دی گئی، ری ایڈمیشن فیس اب ایک سیمسٹر کے بعد نہیں، بلکہ چار سیمسٹرز تک فیس جمع نہ کرانے کی صورت میں لاگو ہوگی۔
امتحانی فیس اب ہر کورس کے حساب سے لی جائے گی اور سیمسٹر فیس میں 10 فیصد کا اضافہ ہوگا۔
جامعہ کراچی میں Not eligible فیس کا اختیار شعبہ جات کے چیئرمین کو دیا جائے گا اور یہ فیس جامعہ کے اکاؤنٹ میں جمع ہوگی۔
اس کے علاوہ پوائنٹس کی تعداد میں اضافے کےلیے وزیر ٹرانسپورٹ اور میئر کراچی کو خطوط لکھے جائیں گے۔