مجوزہ آئینی ترمیم کے معاملے پر جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے تینوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مولانا فضل الرحمان سے آج پھر ملاقات کریں گے، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات آج رات 1 بجے ہوگی۔
مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں مجوزہ آئینی ترمیم پر تفصیلی بات چیت ہوگی، آئینی ترمیم سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آخری ملاقات ہو سکتی ہے۔
اس سے قبل مولانا فضل الرحمان سے حکومتی وفد اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھی ملاقات کی تھی، اسحاق ڈار اور نوید قمر مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچے تھے۔
مولانافضل الرحمان سے پی ٹی آئی وفد نے بھی ملاقات کی، تحریک انصاف کے وفد میں بیرسٹر گوہر، اخونزادہ حسین یوسفزئی، حامد خان، علی ظفر شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کل بانی پی ٹی آئی سے پارٹی کا 5 رکنی وفد ملاقات کرے گا، وفد میں علی ظفر، بیرسٹر گوہر، صاحبزادہ حامد رضا شامل ہوں گے، اسد قیصر اور سلمان اکرم راجہ بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔