اپوزیشن پارٹی جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ مسئلہ نمبرز کا نہیں اتفاق کا ہے، چاہتے ہیں بعد میں ترامیم پر تنقید نہ ہو۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو میں کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ہم نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے ٹائم لیا ہے کیونکہ پی ٹی آئی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں ترمیم سے متعلق پی ٹی آئی کو بھی شامل کیا جائے، ایسا نتیجہ نکلے جس میں قوم کی بہتری ہو، ترامیم پر سب کا اتفاق ہونا چاہیے، تاکہ تنقید نہ ہو۔
جے یو آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ ہماری بہت سی باتیں مان لی گئی ہیں، اس سے انکار نہیں کرتا، ایک دو چیزیں ہیں جن پر اعتراض ہے، چیف جسٹس کی تقرری کے معاملے پر بحث ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت نمبرز کا نہیں اتفاق کا مسئلہ ہے، آج جو مسودہ بنا ہے، اسے ہم نے مل کر بنایا ہے، اس وقت حکومت اور اپوزیشن کے ارکان ہمارے ساتھ بیٹھے ہیں۔
کامران مرتضیٰ نے یہ بھی کہا کہ ہم نے کہا تھا اپوزیشن کی بڑی جماعت کو اعتماد میں لیں گے، میں نے پی ٹی آئی والوں کے ساتھ ڈرافٹ شیئر کیا تھا، میں نے کہا نمبرز نہیں اتفاق رائے چاہیے۔