کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور طلبہ الائنس کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، شیخ الجامعہ کی جانب سے دو مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کے بعد طلبہ الائنس نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ طلبہ الائنس نے جمعہ کو آٹھویں روز بھی مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کیا۔ جو وائس چانسلر خالد محمود عراقی سے کامیاب مذاکرات کے ساتھ ختم ہوگیا۔ طلبہ الائنس کے مطابق وائس چانسلر نے طلبہ کے 14مطالبات میں سے11کو تسلیم کرلیا تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق دو مطالبات تسلیم کرلیے گئے ۔ لیٹ فیس 50 فیصد سے کم کر کے 10 فیصد کردی گئی، ری ایڈمیشن فیس اب ایک سیمسٹر کے بعد نہیں، بلکہ چار سیمسٹرز تک فیس جمع نہ کرانے کی صورت میں لاگو ہوگی۔امتحانی فیس اب ہر کورس کے حساب سے لی جائے گی، اور سیمسٹر فیس میں 10فیصد کا اضافہ ہوگا، جامعہ کراچی میں not eligible فیس کا اختیار شعبہ جات کے چیئرمین کو دیا جائے گا، اور یہ فیس جامعہ کے اکاؤنٹ میں جمع ہوگی۔اس کے علاوہ، پوائنٹس کی تعداد میں اضافے کے لئے وزیر ٹرانسپورٹ اور میئر کو خطوط لکھے جائیں گے۔