اداکارہ اننیا ناگلا نےتیلگو فلم انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ کے الزامات پر جواب دیتے ہوئے دفاعی پوزیشن اختیار کرلی۔
28 سالہ اداکارہ اننیا ناگلا نے اپنی نئی فلم’پوٹل‘ سے متعلق پریس کانفرنس میں رپورٹر کے سوال پر دفاعی انداز اپنایا۔
رپورٹر نے فلم انڈسٹری کے اندرونی ذرائع کی بنیاد پر دعویٰ کیا کہ تیلگو فلم انڈسٹری میں ہر خاتون اداکارہ کو کاسٹنگ کاؤچ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
رپورٹر نے مزید کہا کہ انڈسٹری میں خواتین اداکاروں کا معاوضہ بھی اس بنیاد پر ہی طے پاتا ہے کہ وہ اس پر راضی ہیں یا نہیں ہیں۔
جواباً اداکارہ اننیا ناگلا نے تمام خواتین اداکاروں کے کاسٹنگ کاؤچ کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ’میں نے کبھی بھی کاسٹنگ کاؤچ کا سامنا نہیں کیا‘۔
اداکارہ نے رپورٹر سے استفسار کیا کہ ’یہ سوال پوچھتے ہوئے آپ اتنا یقین سے کیسے کہہ سکتی ہیں؟ جبکہ وہاں ایسی کوئی بات نہیں۔
رپورٹر نے جب اپنے موقف کو سخت سے پیش کیا تو اداکارہ نے جواب دیا کہ یہ 100 فیصد غلط ہے، میں نے کبھی بھی کاسٹنگ کاؤچ کا سامنا نہیں کیا، اس لیے تردید کرتی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے انڈسٹری میں ایسا ہوتا ہو، لیکن ہم ہر بار صرف منفی رخ ہی کو دیکھتے ہیں، یہ کہنا کہ آمادگی کے بغیر کوئی مواقع نہیں دیتا، معذرت کے ساتھ یہ بدتمیزی پر مبنی الفاظ ہیں۔
رپورٹر نے اپنی بات پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں فلم انڈسٹری لوگ ہی کہتے ہیں، جس پر اننیا ناگلا نے جواب دیا کہ آپ کی بات اور رائے اس پر قائم ہے جو آپ نے سنا ہے لیکن میری رائے اس بنیاد پر مبنی ہے جس کا میں نے تجربہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ چندماہ قبل ملیالم فلم انڈسٹری میں مبینہ جنسی ہراسانی اور استحصال سے متعلق ہیما کمیٹی رپورٹ سامنے آئی تھی۔