راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت گزشتہ روز بھی بغیر کسی کارروائی کے 25جولائی تک ملتوی کر دی گئی‘ ساڑھے آٹھ برس سے زائد پرانے اس کیس میں استغاثہ نے انسپکٹر الیاس کا بیان دوبارہ قلمبند کروانے کیلئے عدالت میں درخواست دی تھی جو منظور ہو کر گواہ نے نہ صرف اپنا بیان دوبارہ قلمبند کروایا بلکہ صفائی کے ایک وکیل نے اپنی جرح بھی مکمل کرلی۔ تاہم اس کیس میں گرفتار دو ملزمان رفاقت اور حسنین گل وغیرہ کے وکیل ملک جواد خالد نے انسپکٹر الیاس کا بیان دوبارہ قلمبند کرنے کے عمل کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اسے خلاف قانون قرار دیا تھا جس پر ہائی کورٹ نے وکیل صفائی کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے حکم میں کہا کہ ایک گواہ کا بیان دوبار ریکارڈ نہیں ہوسکتا۔ گزشتہ سماعت پر ملک جواد خالد نے ٹرائل کورٹ کو عدالت عالیہ کے اس فیصلہ سے آگاہ کر دیا تھا جبکہ سوموار کے روز جب کیس کی سماعت شروع ہوئی تو وکیل صفائی نے ہائی کورٹ کے مذکورہ فیصلے کی کاپی عدالت کو فراہم کر دی جس کے بعد سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔