شکارپور کے قریب ڈاکو پولیس اہلکاروں سے اسلحہ اور گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی جیکب آباد صدام خاصخیلی کے مطابق اہلکار اسلحہ لاڑکانہ فارنزک لیبارٹری میں چیکنگ کےلیے لے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ سب انسپکٹر سمیت 3 پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ انکے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کے مطابق 2 اکتوبر کو دوران چیکنگ گاڑی کو اسلحے سمیت ضبط کیا تھا، دوران چیکنگ دو ملزمان بھی گرفتار کیے گئے تھے جبکہ 138 نائن ایم ایم پسٹلز، 276 میگزین اور گولیاں برآمد کی گئی تھیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے ایس ایس پی جیکب آباد سے شکارپور میں پولیس اہلکاروں سے اسلحہ سے بھری گاڑی چھینے جانے کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان اور انکے سہولتکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔