کراچی (اسد ابن حسن) لاہور ایف آئی اے اس وقت مرکزِ نگاہ ہے کیونکہ گزشتہ چند یوم سے تین مختلف حساس تحقیقات جاری ہیں جن کا تعلق خواتین سے ہے۔ ان تحقیقات کے حوالے سے تین کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیمز تشکیل دی گئی ہیں۔ ایک ٹیم کے سربراہ ڈائریکٹر لاہور زون سرفراز ورک ہیں جبکہ دو ٹیموں کے سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم ونگ لاہور چوہدری سرفراز ہیں۔ مذکورہ دونوں افسران تحقیقات کے حوالے سے اچھی شہرت رکھتے ہیں۔ لاہور کے پنجاب گروپ آف کالجز کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کے حوالے سے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل کے لیے ڈائریکٹر آپریشن سینٹرل لاہور حشمت کمال نے ملک بھر کے تمام ایڈیشنل ڈائریکٹرز سائبر کرائم کو مراسلے تحریر کیے ہیں۔