پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن ٹیسٹ جمعرات سے راولپنڈی میں شروع ہوگا، جس کےلیے انتظامیہ اور ٹیموں کی تیاریاں جاری ہیں۔
راولپنڈی اسٹیڈیم کی پچ بھی اسپنرز کےلیے موزوں قرار دی جا رہی ہے، آخری ٹیسٹ بھی جیوسوپر براہ راست نشر کرے گا۔
انگلینڈ نے فائنل الیون میں جیک لیچ اور شعیب بشیر کے ساتھ لیگ اسپنر ریحان احمد کو بھی شامل کیا ہے جبکہ پاکستان ٹیم میں زاہد محمود کی جگہ فاسٹ بولر محمد علی کی شمولیت کا امکان ہے۔
پہلا ٹیسٹ انگلینڈ جیتا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کامیاب رہا، اب تیسرا ور فیصلہ کن ٹیسٹ راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہے۔
میچ کےلیے دونوں ٹیمیں تیاریوں میں مصروف ہیں، پنڈی اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے بھرپور ٹریننگ کی، بولنگ بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس بھی ہوئی۔
آخری ٹیسٹ کےلیے پچ خاص توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جسے اسپنرز کےلیے موزوں قرار دیا جا رہا ہے، پچ میں موجود نمی کو ختم کرنے کےلیے انڈسٹریل پنکھوں کو استعمال کیا گیا، ہیٹر بھی لگائے گئے۔
قومی سلیکٹر عاقب جاوید، ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی، کپتان شان مسعود اور ٹیم منجمنٹ نے پچ کا معائنہ بھی کیا۔
سیریز کے فیصلہ کن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 3 اسپیشلسٹ اسپنرز کھلانے کا اعلان کیا ہے، جیک لیچ اور شعیب بشیر کے ساتھ لیگ اسپنر ریحان احمد کو فائنل الیون میں شامل کیا ہے۔
سیریز کے آخری ٹیسٹ کےلیے گس اٹکنسن بھی انگلش ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ برائیڈن کارس اور میتھیو پوٹس کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کا امکان ہے لیگ اسپنر زاہد محمود کی جگہ فاسٹ بالر محمد علی کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔