زمبابوے نے ٹی20 انٹرنیشنلز کی تاریخ کے کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔ افریقہ سب ریجنل ورلڈ کپ کوالیفائرز کے میچ میں گیمبیا کے خلاف زمبابوے نے ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کرلی۔
زمبابوے نے گیمبیا کو 290 رنز سے شکست دے کر ٹی20 انٹرنیشنلز کی سب سے بڑی فتح کا ریکارڈ بنادیا۔ اس سے قبل نیپال نے منگولیا کو 273 رنز سے شکست دے کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
زمبابوے نے ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور 344 رنز بھی بنادیا۔ اس سے قبل سب سے بڑا اسکور نیپال کا 314 رنز تھا جو اس نے منگولیا کیخلاف بنایا تھا۔ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں صرف دوسری مرتبہ کسی ٹیم نے 300 رنز بنائے ہیں۔
زمبابوے کی اننگز میں مجموعی طور پر ریکارڈ 27 چھکے شامل تھے۔ اس سے قبل سب سے زیادہ 26 چھکے لگانے کا ریکارڈ نیپال کے پاس تھا جو اس نے اپنے ریکارڈ ساز میچ ہی بنایا تھا۔
زمبابوین اننگز میں مشترکہ ریکارڈ سب سے زیادہ 30 چوکے بھی شامل تھے۔2007 میں سری لنکا نے کینیا کے خلاف ورلڈکپ کے میچ میں 30 چوکے لگائے تھے۔
زمبابوین ٹیم نے مجموعی طور پر 282 رنز باؤنڈریز سے حاصل کیے۔ اس سے قبل مجموعی ٹی ٹوئنٹیز میں باؤنڈریز سے سب سے زیادہ رنز 216 تھے۔
بھارت کی مشتاق علی ٹرافی میں پنجاب نے آندھرا پردیش کے خلاف 22 چھکے اور 21 چوکوں سے 216 رنز بٹورے تھے۔
ٹی20 انٹرنیشنلز میں باؤنڈریز سے سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ 212 کا ہے جو نیپال نے منگولیا کے خلاف بنایا تھا۔
زمبابوے کے سکندر رضا نے 43 گیندوں پر 133 رنز کی شاندار اننگز کھلی۔ سکندر رضا نے اپنی سنچری 33 گیندوں پر مکمل کرکے دوسری مشترکہ تیز ترین ٹی20 انٹرنیشنل سنچری بنائی۔
ایسٹونیا کے ساحل چوہان نے قبرض کے خلاف میچ میں 27 گیندوں میں سنچری مکمل کی تھی جبکہ نمیبیا کے جین نکول نے نیپال کے خلاف میچ میں 33 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔