معروف برطانوی گلوکار لیام پین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کے اصل حقائق سامنے آنے کے بعد ان کے والد جیف پین نے ارجنٹینا میں رہنے کا فیصلہ کر لیا۔
لیام پین کی موت کے حوالے سے میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انہوں نے ارجنٹینا میں 16 اکتوبر کو ہوٹل کی تیسری منزل کی بالکونی سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی تھی۔
اب 3 روز قبل گلوکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ لیام پین جب نشے کی حالت میں ہوٹل کی تیسری منزل سے گرے تو موت سے قبل انہیں کئی قسم کی اندرونی اور بیرونی چوٹیں آئی تھیں جو ان کی موت کا سبب بنیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق گلوکار کے جسم میں ’اے کلاس منشیات‘ کی موجودگی بھی ظاہر ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیام پین بے ہوشی کی حالت میں ہوٹل کی تیسری منزل سے نیچے گرے اور اس وقت ان کے کمرے میں 2 خواتین بھی موجود تھیں۔
یہ افسوس ناک خبر سننے کے بعد کے گلوکار کے والد جیف پین ارجنٹینا پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے اپنے بیٹے کی لاش کو برطانیہ واپس لے جانے تک وہیں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیام پین کے ایک قریبی دوست نے برطانوی میڈیا انٹرویو میں بتایا کہ جیف پین کے اس سخت فیصلے نے گلوکار کی فیملی کو مزید پریشان کر دیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ لیام پین کی فیملی کے لیے یہ وقت بہت مشکل ہے اور معلوم نہیں کہ یہ آزمائش کب ختم ہو گی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق گلوکار کی فیملی ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے ان کی میت کی برطانیہ واپسی کی تصدیق کی منتظر ہے۔