وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یو این چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔
شہباز شریف نے اقوامِ متحدہ کے دن کے موقع پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ آج کا دن یو این چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کےحصول کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے باوجود مسئلہ کشمیر اور فلسطین اب بھی حل پزیر ہیں، جب تک یو این کی بانی دستاویز کی دفعات کو نظر انداز کیا جائے گا، بحران مزید گہرے ہوتے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے اس دن پر میں کثیرالجہتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، دنیا کو سب کے لیے ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے اقوامِ متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔