چیف جسٹس پاکستان کے تقرر کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی سے پی ٹی آئی کے بائیکاٹ کے معاملے پر پی ٹی آئی کے واٹس ایپ گروپ میں شوکت یوسفزئی نے پارٹی قیادت پر تنقید کی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے قیادت کو جسٹس یحییٰ آفریدی کی مخالفت نہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی سے پارٹی کے بائیکاٹ کا فیصلہ درست نہیں تھا۔
اس حوالے سے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنا چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ شرکت نہیں کرنی تھی تو وفاقی حکومت سے آئینی ترمیم پر بات چیت کیوں کی؟
شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا صاف ستھرا کردار رہا ہے، ان کی مخالفت کر کے ہم کیوں اپنے لیے مشکلات پیدا کریں؟