سندھ ہائی کورٹ نے 80 سالہ بزرگ نظار فاضلانی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے سیکشن آفیسر کو بیانِ حلفیہ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
سیکشن آفیسر عظیم احمد کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ نظار فاضلانی کے خلاف 2018ء میں ریفرنس فائل کیا گیا تھا۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار علاج کی غرض سے دبئی جانا چاہتے تھے، سندھ ہائی کورٹ نے انہیں دبئی جانے کی اجازت دے دی تھی، لیکن درخواست گزار کو کراچی ایئر پورٹ پر روکا گیا تھا۔
عدالت نے سیکشن آفیسر پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ عدالت کی جانب سے بار بار نوٹس کے باوجود پیش کیوں نہیں ہو رہے تھے؟ وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کے بعد آپ عدالت میں پیش ہوئے ہیں، عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزار کو کیوں بیرونِ ملک جانے سے روکا گیا؟
عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر بیانِ حلفی کے ساتھ اپنا جواب داخل کرائیں، بیان جس کے بعد فیصلہ سنائیں گے۔