چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے کراچی پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے کی۔
ملاقات میں کراچی پریس کلب کے ممبران کو دی گئی زمین کی لیز، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، گورننگ باڈی کے ممبر شمس کیریو، محمد منصف، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات محمد سلیم خان، اسپیشل سیکریٹری بلدیات، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے، ایم ڈی اے اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔
ملاقات میں صدر اور سیکریٹری کراچی پریس کلب نے ممبران کو درپیش مسائل، پلاٹ کی الاٹمنٹ اور ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ممبران کے مسائل کو غور سے سننے کے بعد پریس کلب کی فلاح و بہبود کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے وفد کو پریس کلب کےلیے مختص زمین کے مسائل اور اس کی ترقی کےلیے مختلف منصوبوں کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب ایک تاریخی ادارہ ہے اور اس کے اراکین کی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ پریس کلب کے ممبران کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے۔
اجلاس کے اختتام پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے حکومت کی جانب سے مسائل کے حل کےلیے دی جانے والی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت کی مدد سے پریس کلب کے ممبران کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئے گی۔