پاکستان سے غزہ و لبنان کے لیے 13 ویں امدادی کھیپ روانہ کر دی گئی۔
ترجمان کے مطابق اس حوالے سے ہونے والی تقریب میں فلسطینی سفیر، بیرسٹر عقیل ملک، این ڈی ایم اے، وزارتِ خارجہ اور پاک آرمی کے نمائندگان موجود تھے۔
فلسطینی سفیر نے ہنگامی امداد پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی غزہ اور لبنان کے لیے امداد کی فراہمی جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے آج امدادی سامان کی 13 ویں کھیپ روانہ کردی گئی، غزہ کے لیے امدادی سامان بردار ہوائی جہاز اردن کے دارالحکومت عمان پہنچے گا۔
ترجمان کے مطابق 100 ٹن امدادی سامان فیملی ٹینٹ اور گرم کمبلوں پر مشتمل ہے۔
این ڈی ایم اے 1381 ٹن امداد غزہ اور لبنان بھجوا چکا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے ابھی تک غزہ کے لیے 10 اور لبنان کے لیے 2 امدادی کھیپیں روانہ کرچکا ہے۔