• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ورلڈ کلچر فیسٹیول: 31ویں روز قطری ثقافت کے حوالے سے نشست کا اہتمام

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جنگ اور جیو ٹیلی ویژن کے اشتراک سے جاری 38 روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ کے 31ویں روز ’’قطر کی ثقافت: ماضی، حال اور مستقبل‘‘ کے عنوان سے نشست کا اہتمام کیا گیا۔ 

قطر کے قونصل جنرل نائف شاہین آر ایم السلیتی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، سابق صدر نیشنل تھیٹر قطر عبداللّٰہ الکوئیری اور دی نیشنل تھیٹر کے استاد ناصر الحمادی نے گفتگو کی۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ قطر کے ثقافتی وزیر کے ساتھ ساتھ میں قطر کے قونصل جنرل نائف شاہین آر ایم السلیتی کا بھی مشکور ہوں جو ”ورلڈ کلچر فیسٹیول“ میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے درمیان دوستی کا رشتہ ہے۔

محمد احمد شاہ نے کہا کہ آج کی نشست میں آپ کو قطر کی ثقافت کے بارے میں بہت کچھ جاننے کا موقع ملے گا میں خود بھی بہت جلد قطر جارہا ہوں۔

قونصل جنرل قطر نائف شاہین آر ایم السلیتی نے کہا کہ آج آرٹس کونسل آکر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ کو ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ آرٹس کونسل کراچی فن و ثقافت کے فروغ کے لیے بہت کام کر رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستانی ثقافت کا دائرہ قطر میں بھی وسیع کریں گے، پاکستان سے قطر کے برادرانہ تعلقات ہیں، آج ہم پاکستانیوں کو قطر کی ثقافت سے روشناس کروانے آئے ہیں۔

نیشنل تھیٹر قطر کے سابق صدر عبداللّٰہ الکوئیری نے کہا کہ قطر میں تھیٹر کی تشکیل کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ قطر نے بہت سارے فنکار اور مصنفین پیدا کیے ہیں، تھیٹر اسکول کا پہلے مرحلے کا آغاز ریہرسل سے کردیا گیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ فنکار یا اداکار اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے کسی قابل بن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ قطری تھیٹر کی تحریک کے اس دوسرے مرحلے میں تحریری متن کے فروغ اور تھیٹر کے روایتی انداز سے ہٹ کر نئے انداز کے تھیٹر کا آغاز کیا گیا ہے، قطر کا پہلا تھیٹر گروپ ”قطری تھیٹر گروپ“ کے نام سے 1972 میں تشکیل پایا جس کے بعد 1973 میں ”السد تھیٹر گروپ“ قائم ہوا جو کہ قطر کا دوسرا تھیٹر گروپ بنا۔ 1974ء میں میوزیکل گروپ ”العدوا“ کے ساتھ مل کر ”عرب تھیٹر گروپ“ کی تشکیل ہوئی۔ ان گروپوں نے قطر میں تھیٹر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور مقبول طائفہ نے اداکاری کی دنیا میں اپنی پہچان بناتے ہوئے قطر کا چوتھا تھیٹر گروپ تشکیل دیا۔

انکا کہنا تھا کہ یہ تحریک نہ صرف نئے فنکاروں اور مصنفین کی تخلیق کا ذریعہ بنی بلکہ تھیٹر کے منظر نامے کو بھی وسعت دینے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

نشست کے آخر میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے قطر کے قونصل جنرل نائف شاہین آر ایم السلیتی، سابق صدر نیشنل تھیٹر قطر عبداللّٰہ الکوئیری اور دی نیشنل تھیٹر کے استاد ناصر الحمادی کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے پھول پیش کیے گئے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید