• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی سیاست میں نہیں آرہیں: شیر افضل مروت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت—فائل فوٹو
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت—فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی سیاست میں نہیں آرہی ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ میرے اہلخانہ سیاست میں نہیں ہوں گے، ان کے اس مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری رائے ہے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو احتجاجی مظاہروں سے الگ کریں انہوں نے جو کچھ کرنا تھا وہ کر لیا، مخالفین کے منہ میں یہ بات نہیں ڈالنی کہ ایک صوبے نے دوسرے صوبے پر چڑھائی کی۔

شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ دھرنے کے لیے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے لیکن ہم نے کچھ نہیں کیا، قیادت کے پاس احتجاج کے لیے منظم حکمت عملی نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اقدامات نہیں کیے جا رہے، اس وقت پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے غیر منظم ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نئے چیف جسٹس متوازن شخصیت ہیں، وہ جب وکیل تھے تب سے ان کی ایمانداری پر یقین ہے۔

قومی خبریں سے مزید