چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ امریکی ارکان کانگریس پاکستان کو بدنام کریں گے تو یاد رکھیں وہ بھی شیشے کے گھر میں بیٹھے ہیں، امریکی جانتے ہیں کل کے جہادی آج کے دہشت گرد کیسے بنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو بتا دیں کہ حکومتی تعلقات میں بہتری کی راہ میں روڑے نہیں اٹکانا چاہتے،لیکن پاکستانی پارلیمان کو امریکی ارکان کانگریس کے پاکستان مخالف ریمارکس قبول نہیں، امریکی ارکان کانگریس پاکستان کو بدنام کریں گے تو یاد رکھیں وہ بھی شیشے کے گھر میں بیٹھے ہیں،ادلے کا بدلہ ہو گا، مک کین صاحب اور دیگرامریکیوں کو پتہ ہے کل کے جہادی آج کے دہشت گرد کیسے بنے۔
یہ رولنگ دی چیئرمین سینیٹ نے مشیرخارجہ سرتاج کے وضاحتی بیان پر، اس سے پہلے سرتاج عزیز نے ایوان کو بتایا کہ امریکا کےساتھ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانہ سمیت دیگر فورمز پرروزانہ کی بنیاد پر رابطہ ہے،بعض امریکی ارکان گانگریس کے پاکستان مخالف بیانات سے ان کا اپنا قد چھوٹا اور وقارکم ہوا ہے،چند ارکان کانگریس کا بیان پاکستان کے بارے میں امریکی پالیسی کا عکاس نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جان مک کین حالیہ دورہ پاکستان کے بعد کہہ چکے ہیں کہ زمینی حقائق دیکھ کر ان کے خیالات بدل گئے، پاکستان ہمیشہ قومی مفاد میں اپنی خارجہ پالیسی بناتا ہے،امریکی کانگریس میں پاکستان کی امداد کم کرنے کی مخالفت ہمارے مؤقف کو تسلیم کرنے کا واضح ثبوت ہے۔