• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹیرینز کی مشاورتی اسمبلی کا 13واں دو روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع


پارلیمنٹیرینز فار گلوبل ایکشن کا 45واں سالانہ فورم اور پارلیمنٹیرینز کی مشاورتی اسمبلی کا 13واں دو روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔ 

اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بحیثیت رکن پارلیمنٹ ہماری ذمہ داری محض قانون سازی نہیں۔ غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے جرائم پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔

پی جے اے کے صدر سید نوید قمر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے کا مقابلہ کرنے کےلیے عالمی اشتراک کہ ضرورت ہے۔

سیکریٹری جنرل پارلیمنٹیرینز فار گلوبل ایکشن مونیکا ایڈم کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹیرینز دنیا بھر میں انسانی حقوق کے تحفظ کےلیے اقدام کرسکتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ہم پی جی اے میں 150 ممالک ہیں جن میں سے 35 کے پارلیمنٹیرینز یہاں موجود ہیں جبکہ دیگر ویڈیو لنک سے جوائن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمنٹیرینز کے مابین ایک مشترکہ فورم ہے جس سے ہم قانون کی بالادستی، جمہوریت، ماحولیاتی انصاف، صنفی برابری سمیت موضوعات پر آواز اٹھاتے ہیں، ہر رکن پارلیمنٹ دنیا میں جہاں بھی ہو، حقوق کے لیے کام کرسکتا ہے۔

اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ عالمی تنازعات کے حوالے سے دہرے معیار اپنائے جا رہے ہیں۔ نسل کشی ایک بار پھر ہماری آنکھوں کے سامنے بڑی حقیقیت بن کر آگئی ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ انسانیت کے خلاف بدترین جرائم اور نسل کشی کے خلاف سب کو مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید