وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ہمراہ قطر میوزیم کا دورہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر نے اعلیٰ سطح کے وفود اور دوطرفہ ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد ایک ہی گاڑی میں دیوان امیر سے قطر میوزیم تک کا سفر طے کیا۔ امیر قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستانی فن پاروں کی نمائش "منظر" کا دورہ کرایا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے مابین غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی۔
امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ شیخہ المیاسہ بنت حمد چیئر پرسن قطر میوزیم نے پاکستانی فنکاروں کا تعارف کرایا۔ شیخہ المیاسہ بنت حمد نے وزیراعظم شہباز شریف کو نمائش میں موجود فن پارے دکھائے۔
وزیراعظم نے منظر آرٹ گیلری کے انعقاد اور پاکستانی فنکاروں کی پذیرائی پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ قطر میں اس نمائش کا انعقاد پوری پاکستانی قوم کےلیے باعث فخر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی مصوروں، فوٹوگرافرز اور خطاط سے ملاقات بھی کی۔
نمائش میں 1940 سے آج تک کے پاکستانی مصوری، فوٹوگرافی، مجسمے اور دیگر فن پارے شامل ہیں۔ نمائش میں شاکر علی، صادقین، گل جی، زبیدہ آغا، کامل خان ممتاز، نیر علی دادا اور دیگر کے فن پارے شامل ہیں۔