اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن کی صنعت نے گزشتہ عشرے کے دوران نمایاں ترقی کی ہے اور جی ڈی پی میں اسکا اہم کردار ہے ۔انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں آئی ٹی یو کے سیکرٹری جنرل ہولین زاؤ کی قیادت پر مشتمل انٹر نیشنل ٹیلی کمیونی کشن یونین کے ایک وفد سے بات چیت کر تے ہوئے کہی۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان بھی موجود تھیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا ویژن آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی اور ٹیلی کمیونی کشن سروسز کی دنیا میں پاکستان کی آبادی کی فنی شمولیت کے لئے بھر پور کوششیں کرنا ہے ۔ انہوں نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان کی خدمات کی بھی تعریف کی جنہوں نے پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی اور اس سے متعلق انفرا اسٹرکچر کے فروغ کے لئے بڑا اہم کردار ادا کیا ہے ۔ وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان اور خطے میں آئی ٹی سروسز کی وسعت کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ان کے دورہ سے آئی ٹی کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مستحکم بنانے کا موقع میسر آیا ہے جس سے آئی ٹی یو کے تعاون کی نئی شاہرات کا آغاز ہوگا ۔انہوں نے ہولین زاؤ کو آئی ٹی یو کا سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پرمبارکباد دی ۔ ہولین زاؤ نے پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کے لئے حکومت کی کوششوں کی تعریف کی ۔