• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے بغیر تحقیق نیب اور اسحاق ڈار پر الزامات عائدکئے،پرویز رشید

 اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بغیر تحقیق کے نیب اور اسحاق ڈار پر بے بنیاد الزامات عائدکئے ہیں، غیرذمہ دارانہ بیان دینا اور پھر قلابازی لگا کر موقف تبدیل کر لینا ان کا وطیرہ ہے، اسحاق ڈار کے صاحبزادے نے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے، عدالت سے تین بار نوٹس جاری ہوئے، عمران نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا، عمران خان کے پاس کوئی ثبوت ہوتے تو کیا وہ عدالت میں پیش نہ کرتے، عمران خان غیرجمہوری ہتھکنڈوں سے اقتدار حاصل کرنے کی بھونڈی اور ناکام کوششیں کرتے رہتے ہیں ،اگر وہ ترکی میں ہوتے توایسی حرکتوں پر قوم کے ہاتھ اُن کے گریبان پر ہوتے ۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عوامی سطح پر کوئی پذیر ائی حاصل نہیں ۔بے بنیاد الزام تراشی کے ذریعے وہ لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔عوام اُن کا اصل چہرہ اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔ وہ عمران خان کے جھوٹے اور بے بنیاد الزام لگانے کے وطیرہ اور ان کی پست ذہنیت سے بھی بخوبی واقف ہو گئے ہیں ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسحاق ڈار کے صاحبزادے نے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ اور 5 ارب روپے ہرجانہ کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ جس کے تحت عدالت تین مرتبہ عمران خان کو نوٹس بھجواچکی ہے لیکن انہوں نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔اگر عمران خان کے پاس کوئی ثبوت ہوتے تو کیا وہ انہیں عدالت میں پیش کرنے کیلئے حاضر نہ ہوجاتے۔ 
تازہ ترین