کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی میر لیاقت لہڑی نے مستونگ بم دھماکے میں معصوم بچیوں ، پولیس اہلکاروں سمیت دیگر کی شہادت کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچیوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور غیرانسانی عمل ہے ، سانحہ مستونگ نے بلوچستان کی فضا کو سوگوار کردیا ، دھماکے میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ایک بیان میں میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ مستونگ میں دہشت گردوں کا اسکول کے بچوں پر حملہ ان کی بلوچستان اور تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے ایسے حملے حکومت کے بلوچستان میں تعلیم و ترقی کے فروغ کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، ملک اور عوام دشمن قوتوں کی بیخ کنی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔