• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ اور دلخراش ہے، بی این پی

کوئٹہ(پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری، جنرل سیکریٹری میر جمال لانگو، سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی، نائب صدر طاہر شاہوانی ایڈوکیٹ و دیگرنے اپنے ایک مشترکہ بیان میں مستونگ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان پچھلے کئی دہائیوں سے لہو لہو ہے اس پر معصوم اور بے گناہ بچوں اور بچیوں کو نشانہ بنانا اور بالخصوص تعلیمی ادارے کو بارود سے اڑانے کا بزدلانہ اور ظالمانہ عمل نہایت ہی دلخراش اور ناقابل برداشت ہے۔ یہ دہشت گردانہ کاروائی حکومت اور ایجنسیوں کی سازشوں کا حصہ ہے جنہوں نے بلوچ وطن کو میدان جنگ بنا کر یہاں پر توسیع پسندانہ عزائم اور پالیسیوں کو تقویت دینے کے لئے مذہبی انتہا پسندی، خوف و ہراس، لوٹ کھسوٹ کا راستہ اپنایا ہے تاکہ حقیقی ترقی پسندانہ لیبرل سوچ و خیال اور قومی و نظریاتی جمہوری جدوجہد کو کمزور کیا جا سکے۔ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے، بلوچوں کا مسئلہ قومی واک و اختیار، حق حاکمیت و حقیقی حق حکمرانی ہے جس کی خاطر مختلف طبقات فکر کی ترقی پسندانہ تحریکیں چل رہی ہیں اور بلوچستان میں شورش برپا ہے۔ بلوچوں کی تحریک اور شورش کو کاونٹر کرنے کے لئے مقتدر طبقہ کی جانب سے بنیاد پرستی اور طالبانائزیشن کو فروغ ، فرقہ واریت کو ہوا دی جاتی ہے تاکہ بلوچستان کے اصل مسئلے سے توجہ ہٹا کر دنیا کے سامنے یہ ثابت کرنے کی کوشش کیا جائے کہ بلوچستان میں قومی سوال اور قومی حقوق اور اختیار کے حصول کا مسئلہ نہیں بلکہ یہاں بنیاد پرستی اور مذہبی منافرت اور فرقہ واریت اور قوموں کی چپقلش کا مسئلہ ہے اور اس کو مزید جواز فراہم کرنے کے لئے کبھی مزدور قتل کیے جاتے ہیں کبھی راہگیروں اور ٓٹرانسپورٹروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسئلے کا مستقل حل سیاسی بنیادوں پر ممکن ہے اس لئے مقتدر طبقہ سازشوں کو ترک کر کے سنجیدگی کے ساتھ مستقل حل کا راستہ اپنائے۔
کوئٹہ سے مزید