غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے دوران بچوں کی بے خوف کھیلنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ اور ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ غزہ کے علاقے الزیتون میں 2 بچے گلی میں سائیکل چلاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
اس دوران فضاء میں گولیوں کی تڑ تڑاہٹ کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں، مگر اس کے باوجود بھی بچے رکتے نہیں ہیں اور اپنے کھیل میں مگن رہتے ہیں۔
ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطینی بچوں کا اس طرح خوف کے ماحول میں بھی زندگی کو معمول کی طرح جینا اہل فلسطینی کے حوصلے اور مزاحمت کا عکاس ہے۔
غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں آج صبح سے 23 افراد شہید ہوچکے ہیں، جن میں 13 کا تعلق شمالی غزہ سے ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبالیہ کے شمالی علاقے میں گزشتہ 48 گھنٹوں میں 50 سے زائد بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 43,341 فلسطینی شہید اور 102,105 زخمی ہو چکے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حماس کے حملوں میں کم ازکم 1,139 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنا یا گیا۔