• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا وفاقی کابینہ میں رد و بدل کرنے کا فیصلہ، ذرائع


حکومت نے وفاقی کابینہ میں رد و بدل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے وفاقی کابینہ میں نئے لوگوں کو شامل کیا جائے، جلد وفاقی کابینہ میں رد و بدل ہوگا۔

 شہباز شریف  نے کہا کہ انتشار پھیلانے اور خدانخواستہ ملک کو دیوالیہ کرنے کے دہانے پر پہنچانے والوں کے ناپاک منصوبے ناکام ہوئے، ملک کی بقاء کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دینے والوں کو تاریخ اچھے الفاظ میں یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ مؤرخ جب تاریخ لکھے گا تو واضح طور پر ملک کے خیر خواہوں کا بھی لکھے گا، مؤرخ آئی ایم ایف کو قرض دینے سے روکنے کیلئے خط لکھنے والوں کے بارے بھی لکھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللّٰہ کے فضل و کرم اور سب کی کوششوں سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے،  اسٹیٹ بینک نے بھی شرح سود میں 250 پوائنٹس کی کمی کردی،  250 پوائنٹس کی کمی سے شرح سود 17.5 سے 15 فیصد پر آنا خوش آئند ہے،  شرح سود میں کمی سے کاروباری سرگرمیاں، برآمدات اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر7 فیصد تک آگئی،  قومی و بین الاقوامی ادارے ملکی معیشت کے استحکام کی گواہی دے رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید