سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے 6 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا مؤثر طریقے سے پتہ لگایا، آپریشن میں ایک خارجی احمد شاہ عرف انتظار ہلاک ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطاق پاک افغان سرحد پر خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ خوارج پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے خرمنگ میں خوارج کو دیکھا، سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ اس کارروائی میں 5 خوارج ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان عبوری افغان حکومت سے بارہا کہتا رہا ہے کہ وہ مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق توقع ہے کہ افغان حکومت خوارج کو پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحدوں کی حفاظت اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔