وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی ٹیموں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ڈھائی کروڑ روپے سے زائد کی کرنسی، پرائز بانڈز، چیکس، کمپیوٹرز، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کر کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی نعمان صدیقی کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کے عملے نے شہیدِ ملت روڈ پر ایک عمارت میں چھاپہ مار کر ٹریول ایجنسی کے مالک آصف اشرف اور حوالہ ڈیلر شایان واحد کو گرفتار کر لیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے کیش، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور حوالہ ہنڈی کا ریکارڈ و دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔
نعمان صدیقی کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر گارڈن ویسٹ اور شرف آباد میں بھی چھاپے مارے گئے، جہاں سے 117 دستخط شدہ چیکس، 61 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز اور 47 لاکھ روپے کیش کے علاوہ حوالہ ہنڈی سے متعلق 2 لیپ ٹاپ، 2 کمپیوٹرز، 7 موبائل فون، رجسٹرڈ اور لیجرز ضبط کیے گئے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا ہے کہ دوسری کارروائی میں محمد اویس، عقیل سمیر، جاوید نامی ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جو حوالہ ہنڈی کا سیٹ اپ چلانے میں ملوث پائے گئے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان تھرڈ پارٹی اور بے نامی کمپنی کے ذریعے کام کر رہے تھے۔