نویں تھل جیپ ریلی کا آغاز ہوگیا، پہلے روز رجسٹریشن، ٹیگنگ اور گاڑیوں کی انسپکشن کا عمل جاری رہا۔ 20 سالہ نوجوان خاتون ریسر لالین اخوانزادہ بھی پہلی مرتبہ تھل جیپ ریلی کا حصہ ہوں گی۔
نویں تھل جیپ ریلی کے پہلے روز 80 سے زائد مرد و خواتین ریسرز نے ریس کے لیے رجسٹریشن کروائی۔ خواتین ریسرز کی کیٹیگری میں اسلام آباد کی 20 سالہ رہائشی لالین اخوانزادہ بھی پہلی مرتبہ تھل جیپ ریلی میں شرکت کریں گی۔
لالین کا کہنا ہے کہ ٹریک کافی مشکل ہے مگر وہ ریس کےلیے پُرعزم ہیں۔
نویں تھل جیپ ریلی میں صاحبزادہ سلطان، نادر مگسی، سلمیٰ خان مروت اور دینہ پٹیل سمیت کئی معروف ریسرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔ ریسرز کا کہنا ہے کہ چولستان جیپ ریلی کی نسبت تھل کا ٹریک کافی دشوار گزار اور ریتیلا ہے۔
تھل جیپ ریلی کے دوسرے مرحلے میں جمعے کے روز کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلے ہوں گے۔
کوالیفائنگ راؤنڈ میں سب سے کم وقت پر ٹریک پر پہنچنے والے ریسرز اسٹاک اور پری پیئرڈ کیٹیگری کے مقابلوں میں سب سے پہلے ٹریک پر روانہ ہوں گے۔