بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے اپنے والد کو مارکیٹنگ کے معاملے میں ذہین ترین قرار دیتے ہوئے والد کی جانب سے دیے گئے کاروباری مشوروں کا بھی انکشاف کیا۔
26 سالہ آریان محسوس کرتے ہیں کہ والد کے ساتھ لگژری ایپرل (ملبوسات) کا بزنس شروع کرنے کا ان کا فیصلہ بہترین تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں آریان نے کہا کہ والد کی موجودگی انھیں کاروباری سفر اور نت نئی فیش کے اختراع میں کافی مدد فراہم کرتی ہے۔
یاد رہے کہ آریان خان نے اپنے والد کنگ خان کے ساتھ D’YAVOL کے تازہ ترین کلیکشن کے ایل آفیشل عربیا کے کور کےلیے پوز دیا۔
انھوں نے اس موقع پر اپنی زندگی کے معاملات میں والد کے اثر و نفوذ کا بھی ذکر کیا۔
آریان کے مطابق والد صرف فلمی پرستاروں سے ہی گہرائی سے مربوط نہیں بلکہ وہ بہترین مارکیٹنگ کا ذہن بھی رکھتے ہیں، مزید برآں وہ عالمی فیشن رجحان ساز بھی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جب ہم کسی مسئلے میں الجھ جاتے ہیں تو وہ ایک قدم پیچھے جانے کو کہتے ہیں تاکہ ہم زیادہ واضح طور پر صورتحال کا ادراک کرسکیں۔
یاد رہے کہ آریان نے D’YAVOL لگژری ملبوسات کا بزنس گزشتہ برس شروع کیا تھا۔