کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے کی وزیرِ اعظم شہباز شریف، قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور دیگر کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں۔
قائم مقام صدر نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
شہباز شریف نے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
انہوں نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی، دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز سرگرم عمل ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں ملوث شرپسند عناصر انسانیت کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، قانون نافذ کرنے والے ادراے دھماکے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے لاکھڑا کریں۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اعلیٰ انتظامی حکام سے رابطہ کر کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں، صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری ہیں اور متعدد واقعات میں ملوث دہشت گرد پکڑے جا چکے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردوں کا قلع قمع کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے میں جانی نقصان پر انتہائی دکھ ہوا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والا بم دھماکہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکن اسپتال پہنچ کر تعاون کریں۔
سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ دشمن ممالک کی ایماء پر بزدلانہ کارروائیوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں امن خطے کی پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔