• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانئ پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقاتوں و سہولت فراہمی کی درخواست نمٹا دی گئی


اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانئ پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف اور جیل میں سہولتوں کی فراہمی کی درخواست نمٹا دی گئی۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے نورین نیازی کی درخواست نمٹانے کا تحریری آرڈر جاری کر دیا۔

 تحریری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ جیل حکام نے بانئ ٹی آئی کو عدالتی آرڈرز اور جیل رولز کے مطابق سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے دستخط سے تفصیلی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ کے مطابق جیل میں بانئ پی ٹی آئی اور دیگر قیدیوں کی جیل ملاقاتوں سے پابندی ہٹا لی گئی ہے، محکمۂ داخلہ پنجاب نے دہشت گرد حملوں کے خدشے کے پیشِ نظر جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی۔

عدالت نے کہا کہ جیل حکام کے مطابق پٹیشنر کی جیل میں بانئ پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دی گئی ہے، جیل حکام نے بتایا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی نے عدالتی آرڈر کی روشنی میں کوآرڈینیٹر مقرر کر رکھا ہے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی سے ملاقات کے خواہش مند افراد مقرر کردہ کوآرڈینیٹر سے رابطہ کر سکتے ہیں، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق بانئ پی ٹی آئی کو جیل رولز کے مطابق جیل میں تمام سہولتیں میسر ہیں۔

عدالت کے حکم نامے کے مطابق پٹیشنر کے وکلاء ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اور ڈی آئی جی جیل خانہ جات کے بیان سے مطمئن ہیں، پٹیشنر کے وکلاء کی تسلی کے باعث بانئ پی ٹی آئی کی جیل میں سہولتوں کی فراہمی کی پٹیشن نمٹائی جاتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید