کراچی میں ایئر پورٹ کے قریب خود کش دھماکے کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے۔
حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی سی سی ٹی وی تصویر سامنے آ گئی، تصویر میں سیاہ رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق گاڑی میں حملہ آور اور اس کی سہولت کار خاتون کو دیکھا جا سکتاہے، مبینہ ملزمہ کو بلوچستان سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور کے دیگر ساتھی بھی گرفتار کر لیے گئے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش جیکٹ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر سائٹ ایریا میں غیر ملکیوں پر فائرنگ بھی گرفتار دہشت گرد کے سہولت کار نے کی تھی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک مبینہ خود کش حملہ آور کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی ایئر پورٹ سگنل کے قریب گزشتہ ماہ 6 اکتوبر کی رات غیر ملکیوں کے قافلے سے خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری کار ٹکرا کر دھماکے سے اڑا دی تھی۔
واقعے میں 2 غیر ملکیوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوئے تھے۔