کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ فوڈ اتھارٹی نے کورنگی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 9پکوان سینیٹرز پر بھاری جرمانہ عائد کردیا، کارروائی کے دوران مجموعی طور پر ان مراکز پر 5لاکھ 70ہزار روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کورنگی فہد بلوچ اور فوڈ سیفٹی آفیسر خدیجہ سرفراز کی سربراہی میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مختلف مراکز کا معائنہ کیا، جسکے دوران ناقص انتظامات پر تین پکوان سینٹرز کی پیداوار کو فوری طور پر روکدیا گیا۔ چیکنگ کے دوران کچھ مراکز میں ممنوعہ چائنیز نمک (ایم ایس جی) کا استعمال پایا گیا جو کہ مضر صحت ہے۔ مزید برآں، فریزرز کی خستہ حالت اور کراس کنٹامینیشن کے مسائل سامنے آئے، جس پر ٹیم نے سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی، مزمل حسین ہالیپوٹو نے کہا کہ عوام کے تحفظ کیلئے فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کروانا ضروری ہے اور غیر معیاری فوڈ فراہم کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔