سندھ ہائی کورٹ میں کےالیکٹرک نے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی سے متعلق جواب جمع کرادیا۔
عدالت عالیہ سندھ میں اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل جماعت اسلامی سیف الدین ایڈووکیٹ کی درخواست پر میونسپل ٹیکس وصولی کیس کی سماعت ہوئی۔
کےالیکٹرک کے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ عدالتی حکم پر عمل کردیا ہے، کے ایم سی سے طے شدہ معاہدے کا جائزہ بھی لیا ہے۔
جواب میں سندھ ہائی کورٹ کو بتایا گیا کہ معاہدے کے مطابق ٹیکس کی وصول شدہ رقم کے ایم سی کو ادا بھی کردی ہے۔
اس موقع پر درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور اووربلنگ سے عوام پریشان ہیں، ایسے میں بلوں میں میونسپل ٹیکس بھی شامل کردیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ میئر کراچی نے میونسپل ٹیکس کی وصولی کےالیکٹرک کو آؤٹ سورس کردی ہے، مرتضیٰ وہاب نے معاہدہ کرنے میں اپوزیشن سے مشاورتی عمل کو بائی پاس کیا ہے۔