• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئینی بینچ: کئی کیسز غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دیے گئے

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سپریم کورٹ آف پاکستان نے نارکوٹکس سے متعلق کیس غیر مؤثر ہونے کی بنیاد پر نمٹا دیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔

جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی آئینی بینچ میں شامل ہیں۔

جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر بھی 6 رکنی آئینی بینچ کا حصہ ہیں۔

قاضی جان محمد کے تقرر کے خلاف درخواست بھی غیر مؤثر ہونے کے باعث نمٹا دی گئی۔

6 رکنی آئینی بینچ نے ڈی جی ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی محمد سہیل کی تقرری کے خلاف کیس بھی نمٹا دیا۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ یہ پالیسی میٹر ہے، ہم مداخلت نہیں کر سکتے۔

آئینی بینچ نے عام انتخابات 2024ء ری شیڈول کرنے کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر خارج کر دی۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ وکیل نہیں آئے، ان پر بھاری جرمانہ ہونا چاہیے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ انتخابات ہو چکے ہیں یہ درخواست غیرمؤثر ہو چکی ہے۔

موسم کی خرابی کے باعث انتخابات فروری کے بجائے مئی میں کرانے کی استدعا کی گئی تھی۔

ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈر نظرِ ثانی کیس نمٹا دیا گیا

ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈر نظرِ ثانی کیس غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دیا گیا۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ  یہ معاملہ تو اب غیر مؤثر ہو چکا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قانون سازی کے اختیار پر فیصلے میں آبرزویشن ہے، پارلیمنٹ کے اختیار پر سوال کی حد تک نظرِ ثانی چاہتے ہیں۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ اب تو آپ نے آئین میں بھی ترمیم کر لی۔

جسٹس امین نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس میں پارلیمنٹ کی قانون سازی کا اختیار تسلیم کیا گیا ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس میں پارلیمنٹ کی قانون سازی پر اصول طے ہے۔

کن لوگوں کے غیرملکی اثاثے یا بینک اکاؤنٹس ہیں؟ جسٹس محمد علی مظہر

آئینی بینچ نے غیر ملکی اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس رکھنے والوں کو الیکشن لڑنے کی ممانعت کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کر دی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے، الیکشن کمیشن غیرملکی اکاؤنٹس اور اثاثوں پر قانون سازی کیسے کر سکتا ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ درخواست گزار نے درخواست میں کوئی قانونی بات ہی نہیں کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ غیر ملکی اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کے حامل افراد کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ کن لوگوں کے غیرملکی اثاثے یا بینک اکاؤنٹس ہیں، کسی کا نام نہیں لکھا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پارلیمنٹ کو قانون سازی کرنے کا نہیں کہہ سکتے۔

جسٹس امین الدین نے کہا کہ معاملے پر قانون سازی کے لیے درخواست گزار اپنے حلقے کے منتخب نمائندہ سے رجوع کرے۔

شادی کرنے پر پابندی کیسے لگائی جاسکتی ہے: جسٹس مسرت ہلالی

سرکاری ملازمین کی غیرملکی شہریت کے حامل افراد سے شادی روکنے کی درخواست بھی خارج کر دی گئی۔ 

سپریم کورٹ کی آئینی بینچ نے درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کی۔

درخواست گزار محمود اختر ویڈیو لنک پر آئینی بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ کا اختیار ہے، عدالت کیسے کسی کو منع کرے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ جو درخواست گزار کی استدعا ہے کیا ایسا ممکن ہے؟ کیا کسی سرکاری ملازم کو غیرملکی سے شادی کرنے سے روک دیا جائے؟ اگر روکنے کا قانون موجود ہے تو قانون بتا دیں؟

درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ میں سخت بیمار ہوں،مجھے وقت دیا جائے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ شادی کرنے پر پابندی کیسے لگائی جاسکتی ہے، اس پر جرمانہ ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بینچ کیسز کی سماعت کر رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید